Ticker

6/recent/ticker-posts

حضرت مولاناسجّاد نعمانی صاحب کی ایک بہت اہم خصوصیت


 السّلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ 

ملک کے مشہور و معروف عالم دین حضرت مولانا خلیل الرحمٰن سجّاد نعمانی صاحب دامت برکاتہم کے بارے اب ہر خاص و عام یہ بات جانتا ہے کہ علم،فضل،تفکیر،تذکیر ،تفسیر،حالات حاضرہ پر گہری نگاہ اور پھر اُمت کی راہ نمائی، سیاسی بصیرت، بے خوفی،جرآت،بہادری، جُہد مسلسل،نیز اُمت کے لیے اُن کی کڑھن، اور انکا بے چین و بیقرار رہنا ،ان صفات میں ان کا جیسا کوئی دوسرا ملنا ناممکن تو نہیں البتہ بہت مشکل ضرور ہے ۔میں نے بہت قریب سے حضرت مولانا کو سفر و حضر میں  قریب سے دیکھا ہے اس لیے میری اس تحریر میں نہ کوئی مبالغہ و غلو ہے ،نہ ہی بے احتیاطی اور حد سے تجاوز  ۔

میں مولانا کے بارے میں دو عجیب و غریب اور حیران کن باتیں پیش کر رہا ہوں جس سے آپ کو مولانا کی قدر و قیمت،اہمیت و وقعت معلوم ہوگی اور مولانا کی اُمت کے سلسلے میں جو کڑھن، فکریں،اور آہ وزاری ہے اور پھر اس کے نتیجے میں دربارِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں انکا جو مقام ہے وہ معلوم ہوگا ۔

(1) میرے ایک کرم فرما دوست،درسی ساتھی، میرے محسن،میرے مربی ہیں انکا نام مفتی عثمان قاسمی صاحب ہے جو کہ سال کے بارہ مہینوں 30 دِن اللہ کے حضور تہجّد میں زار و قطار رونے والوں میں ہیں اور حضرت مولانا سجّاد صاحب اُنکی بہت قدر کرتے ہیں، انکو ایک مرتبہ مولانا سجّاد نعمانی صاحب نے صرف پوری امت کے لیے دعا کرنے کے لیے عمرہ کے سفر پر بھیجا، اُنہونے مجھے خود یہ بتایا کہ میں نے خواب میں مولانا سجّاد نعمانی صاحب کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے اقدام عالیہ میں دیکھا اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شفقت،محبت،اور خاص عنایات دیکھیں. اس سے آپ بارگاہِ رسالت مآب میں مولانا سجّاد نعمانی صاحب کے مقام و مرتبہ کا اندازہ لگا سکتے ہیں.

(2)دوسرا واقعہ ابھی دو دن پہلے کا ہے میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں بیٹھا تھا اچانک دیکھا مولانا سجّاد نعمانی صاحب تشریف لائے ،معلوم ہوا کہ صرف تین دن کے لیے مدینہ منورہ آئے ہیں ،مقدر سے کل مفتی عثمان صاحب بھی مدینہ منورہ تشریف لائے ہیں،اور مجھ ناچیز سے ملنے میرے ہوٹل آگئے،بات چیت کے دوران اُنہوں نے بتایا کہ مولانا کی بیٹی کی طبیعت بہت خراب ہے اور وہ اسپتال میں ایدمٹ ہے ،میں نے کہا آپ کو کیسے معلوم ہوا؟ تو مفتی عثمان صاحب نے بتایا کہ مولانا سجّاد نعمانی صاحب کے داماد سے بات ہوئی تھی انہوں نے بتایا تھا،پھر میں نے پوچھا کہ کیا مدینہ میں مولانا سے آپ کا کوئی رابطہ ہوا؟ تو اُنہونے کہا کہ ہاں رابطہ ہوا تھا میں نے پوچھا کیا فرما رہے تھے؟تو مفتی عثمان صاحب نے کہا کہ یہ کہہ رہے تھے مفتی عثمان صاحب آپ جلدی آجائیں میں اور آپ مل کر دعائیں کرینگے،کہ اے اللہ ہندوستان کے 25 کروڑ مسلمانوں کا کیا ہوگا❓اب تو شری رام کے نعرے بھی لگوائے جارہے ہیں اور مارا بھی جارہا ہے اور آواز بھرا گئی،مفتی عثمان صاحب نے کہا مجھے حیرت اس بات کی تھی اپنی بیمار لڑکی کے لیے ایک بار بھی دعا کے لیے یہ شخص نہیں کہہ رہا ہے،اس  آدمی کو اُمت کی کس قدر فکر و کڑہن ہے اور یہ اُمت کے لیے یہ کس قدر مخلص ہے؟اور تین دن کا سفر صرف اسی لیے کیا کہ :

 شیرازہ ہوا ملّت مرحوم کا ابتر 

اب تو ہی بتا تیرا مسلمان کدھر جائے ۔

اللہ مولانا سجّاد نعمانی صاحب اور ملت اسلامیہ کے تمام علماء کو عافیت اور سلامتی کے ساتھ رکھے .

سیّد سعدی قاسمی 

نزیل حال مدینہ منورہ 

16 اپریل 2022 بمطابق 14رمضان المبارک

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے