دوسری قربانی جو دین کےلیے آپ کو دینی پڑتی ہے وہ ہے مالی قربانی ، کیونکہ علماء کے ساتھ مالی معاملات میں قوم کا تعاون ٹھیک نہیں،علماء ، دعاۃ ، ائمہ مساجد اور مدرسین کی تنخواہیں اتنی بھی نہیں ہوتیں کہ اپنی فیملی کی ضرورتیں پوری کرلیں ان کے شوق پورے کرنا تو بڑی بات ہوجاتی ہے ، اس لیے علماء کی بیویوں کو قدم قدم پر مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، دل مارنا پڑتا ہے، آروزئیں دبانی پڑ جاتی ہیں ، خواہشات کے گلا گھونٹنا پڑتا ہے، لیکن ان مشکلات پر یہ سوچ کر صبر کرنا ہے کہ آپ کے شوہر نے دنیا کمانےکے بجائے آخرت کمانےکو ترجیح دی ہے ، اور آخرت کمانے کے راستےمیں دنیا کی مصبتیں آتی ہی ہیں ، آخرت کمانے والے دنیاداروں کی طرح مادی آرزؤوں اور تمناؤں میں نہیں جی سکتے ، لہذا آپ کی خواہشات بھی دنیا دار عورتوں کی طرح نہیں ہونی چاہیے ، آپ کے لیے نبی ﷺ کی بیویاں اسوہ ہیں جن کے گھروں میں کئی کئی مہینے چولہے نہیں جلتے تھے، ان مصیبتوں پر وہ اس لیے صبر کرتی تھیں کیونکہ انہوں نے دنیا کی زندگی تیاگ کر اللہ،اس کے رسول ﷺ اور آخرت کو چنا تھا،آپ کو بھی یہی سوچنا ہےکہ آپ نے دنیا کو قربان کرکے دین کو چن لیا،آخرت کے اجر کی حلاوت اگر ذہن میں ہوگی تو صبر کے گھونٹوں کی کڑواہٹ ختم ہوجائے گی۔ ان شاء اللہ
0 تبصرے